بھٹکل:12/اگست(ایس او نیوز)معاشرہ کے لئے برائی کاسامان بننے والے شرابیوں کو معاشرے کے لئے سودمند بنانے کے مقصد کے تحت دھرمستھل دیہی ترقی سنگھا کی طرف سے جو خدمات انجام دی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ ان باتوں کا اظہار بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کیا۔ وہ یہاں جمعہ کی صبح تعلقہ کے آسارکیری نامدھاری ہال میں منعقدہ دھرمستھل دیہی ترقی سنگھا کے طرف سے نشہ چھوڑو کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہاکہ اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے نشہ کے عادی اس کیمپ میں شریک ہوئے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ کیمپ کے ذریعے بہتر سے بہتر استفادہ کریں اور اچھے شہری بن کر معاشرے کے لئے مثالی بنیں۔ پروگرام میں بطور مہمان ِ خصوصی پولس سرکل انسپکٹر سریش نایک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کے نچلے طبقہ کے کچھ لوگ نشہ کی وجہ سے کئی جرائم کو انجام دیتے ہیں، ان کی نشاندہی کرکے نشہ سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، اگر ہم یہ کام کریں گے تو سب سے نیک کام ہوگا۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپر کرناٹکا جرنالسٹ اسوسی ایشن کے صدر وشنو دیواڑیگا نے بھی خطاب کیا۔ بلدیہ صدر منجما رویندر ا نے پروگرام کی صدار ت کی۔ دھرمستھل دیہی ترقی سنگھا کے منصوبہ جات افسر لکشمن نے بھی خطاب کیا۔ ڈائس پر وسنت کھاروی، شری دھر نائک، روی نائک، وامن نائک ، پرمود جوشی ، رمیش کھاروی، رام چندر نائک وغیرہ وموجود تھے۔ سنگھا کے ہوناور علاقہ کے افسر ایم ایس ایشور نے استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے تو شری دھر نے نظامت کی اور ناگیش نے شکریہ اداکیا۔